Sunday, August 23, 2009

میڈیا کا رویہ

مکرمی! میڈیا نے ہماری معاشی، معاشرتی اور سیاسی شعبہ زندگی میں انقلاب برپا کر دیا۔اس کا بنیادی مقصد عوامی شعور کی بیداری اور حالات حاضرہ کی تعلیم دینا ہے۔ کچھ عرصے سے پاکستان میں پرائیویٹ ٹی وی چینلز کی بھرمار دیکھنے میں آئی ہے جس میں نیوز چینلز اپنی کارکردگی کے حوالے سے سرفہرست ہیں جو کہ خوش آئند امر ہے۔ اگرچہ ان نیوز چینلز کے ذریعے پیش کی جانے والی خبریں تازگی اور جامعیت کا حسین امتزاج ہوتی ہیں اس سے ایک جانب تو تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل ہوتی ہے جو دوسری جانب میڈیا میں مثبت مقابلے کی فضا بھی جنم لیتی ہے مگر جو امر قابل غور ہے وہ ان نیوز چینلز کا خبروں کی پیشکش کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے بحیثیت میڈیا سٹوڈنٹ میں نے اپنے اساتذہ کرام سے یہی سیکھا کہ خبر کا مقصد محض کسی بھی واقعہ کو جوں کا توں پیش کرنا ہے مگر یہ امر قابل افسوس ہے کہ ان چینلز کے ذریعے پیش کی جانے والی خبروں میں بعض اوقات حقائق کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا بلکہ بعض اوقات محض قیاس آرائیوں اور غیر حقیقی باتوں کی ترویج ہی کو ممکن بنایا جاتا ہے ایسا انداز اور لہجہ خبروں کی پیشکش کے حوالے سے اپنایا جاتا ہے جو کسی حد تک معاشرے میں سنسنی خیزی کو فروغ دیتا ہے۔شاید میڈیا کا یہ غیر ذمہ دارانہ رویہ مقابلے کی دوڑ میں آگے بڑھنے اور خود کو عوام میں مقبول عام بنانے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ بے شک حکومت میڈیا کی کارکردگی پر نظر رکھتی ہے مگر موجودہ حکومت نے میڈیا پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔لیکن نیوز چینلز کو اس بات کا احساس ہونا چاہئے کہ وہ اپنی پالیسی میں تبدیلی لاتے ہوئے توازن کی پالیسی اپنائیں۔ (ارفع رشید طالبہ ایم اے ابلاغیات لاہور)

No comments:

Post a Comment